حضرت
علی المرتضٰی ؓ
آج عالم اسلام کی جس شخصیت کے بارے میں لکھنے بیٹھا ہوں
اُس کے بارے میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اس کا آغاز کہاں سے کروں اور انتہا
کیسے کروں اور کہاں کروں۔ اور وہ شخصیت ہیں حضرت علی المرتضیٰؓ ۔ آپ کا نام نامی
”علی بن ابی طالب ،بن عبد المطلب، بن ہاشم بن عبد مناف ہے “ اور
کنیت ”ابوالحسنین و ابو تراب ہے،جنابِ ابوطالب کے صاحبزادے ہیں یعنی حضور صلی اللہ
علیہ وسلم کے چچازاد بھائی ہیں،آپ کی والدہ محترمہ کا اسم گرامی فاطمہ بنت اسد
ہاشمی ہے اور وہ پہلی ہاشمی خاتون ہیں جنہوں نے اسلام قبول کیا اور ہجرت فرمائی۔
سیدنا
حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے مناقب وفضائل بے شمار ہیں جتنی زیادہ حدیثیں آپ کی
تعریف وتوصیف اور فضیلت میں منقول ہیں اتنی صحابہ میں سے کسی کے حق میں منقول نہیں
ہیں ،حضرت علی کی مناقب میں سے جو صحیح احادیث منقول ہیں اُن کے بارے میں امام
احمد اور امام نسائی نے کہا ہے کہ ان کی تعداد ان احادیث سے کہیں زیادہ ہے جودوسرے
صحابہ کے حق میں منقول ہیں ،علامہ جلال الدین سیوطی نے اس کا سبب یہ بیان کیا ہے
کہ سیدنا علی کرم اللہ وجہہ متاخر ہیں اور ان کے زمانہ میں نہ صرف یہ کہ مسلمانوں
کے درمیان اختلاف ونزاع کی خراب صورت حال پیدا ہوگئی تھی بلکہ خود سیدنا علی کی
مخالفت کرنے والوں کا ایک بہت بڑا طبقہ پیدا ہوگیا تھا جنہوں نے ان کے خلاف جنگیں
بھی لڑیں اور ان کی خلافت سے انحراف بھی کیا ،لہٰذا علما ءاور محدیثین نے مقام علی
کی حفاظتی اور مخالفین علی کی تردیدوتغلیط کی خاطر منقبت علی سے متعلق احادیث کو
چن چن کر جمع بھی کیا ،اور ان احادیث کو پھیلانے میں بہت سرگرم جدوجہد بھی کی۔
اپنے زمانہ طالب
علمی میں اپنی کتب سے پڑھ کر اور اپنے
اساتذہ سے سن کر میرے ذہن میں حضرت علی المرتضیٰؓ کی جو تصویر اُبھرتی تھی اور جو بہت سالوں تک بنی رہی کہ حضرت علیؓ ایک غصے والی شخصیت ہیں ہاتھ میں
تلوار ہر وقت لڑنے (جہاد) کو تیار۔ ایک نہیں سب ہی کے بارے میں ہمارا تخیل عجیب سا
ہو گیاہے۔ اگر بچپن کے علیؓ کو دیکھا جائے اور اسلام قبول کرنے کے واقعہ پر
نظر ڈالی جائے تو بھی علیؓ ایک جذباتی بچہ معلوم ہوتا ہے۔ جو جتنی بار بھی
نبی نے اپنی نصرت کے لئے پکارا وہ لبیک کہتا ہوا
کھڑا ہوتا ہے پھر اسے بٹھا دیا جاتا ہے۔ کسی شخصیت کیساتھ ایک اچھا
ایڈمنسٹریٹرہونا جوڑ دیا جاتا ہے کسی کے ساتھ سخاوت کا وصف جوڑ دیا ہم نے کبھی ان
شخصیات کو ان کے ان واحد وصف سے باہر نکلنے ہی نہیں دیا جبکہ حضرت علیؓ کے بارے میں آُپﷺ کا اپنا فرمان ہے کہ میںﷺ علم کا شہر ہوں اور علیؓ اس کا دروازہ ہیں۔ جن کی
پیدائش کعبہ میں ہوئی جو دنیا میں تشریف لائے بھی تو اللہ کے گھر میںشکمِ مادر میں
ہونے کے باوجود کعبہ کی دیوار شک ہوئی اور آپ کی والدہ گرامی اندر تشریف لائیں اور
آپ کی ولادت ہوئی ۔ جو کہ حضرت علیؓکی کرامت تصور کی جاسکتی ہے۔ پھر آپؓ نے اس وقت تک آنکھ نہ
کھولی جب تک گودِ رسالت میں تشریف نہ لے گئے۔ اور آپؓ کو گھٹی کے طور پر حضرت
محمدﷺ نے اپنی زبان چسوائی اور پھر ہم یہ بات زور دے کر کہیں کہ بچوں میں سب سے
پہلے حضرت علیؓ نے اسلام قبول کیا،جوکہ شاید ہم اپنے اسلاف کے
ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔
حضرت
علی مرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کی ذات وہ ذات گرامی ہے جو بہت سے کمال و
خوبیوںکی جامع ہے کہ آپ شیر خدا بھی ہیں اور داماد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم بھی
،حیدر کرار بھی ہیں اور صاحب ذوالفقار بھی ،حضرت فاطمہ زاہرہ کے شوہر نامدار بھی
اور حسنین کریمین کے والد بزرگو ار بھی ،صاحب سخاوت بھی اور صاحب شجاعت بھی ،عبادت
و ریاضت والے بھی اور فصاحت و بلاغت والے بھی ،علم والے بھی اور حلم والے بھی
،فاتح خیبر بھی اور میدان خطابت کے شہسوار بھی،غرضیکہ آپ بہت سے کمال و خوبیوں کے
جامع ہیں اور ہر ایک میں ممتاز ویگانہ ہیں
اسی لئے دنیا آپ کو مظہر العجائب والغرائب سے یاد کرتی ہے اور قیامت تک اسطرح یاد
کرتی رہے گی۔
چلئے دیکھتے
ہین علی کا مطلب کیا ہے تو علی کا مطلب لغت کے مطابق بلند ترین اعلی ترین ہیں اور
حضرت علیؓ وہ ہستی ہیں جنہوں نے حسب نصب بھی اعلی پایا اسلام کی تاریخ میں کردار بھی جن
کا لازوال رہا اور جنہوں نے اپنے ہر عمل سے اس ذات حق کو بلند کیا جنگ خیبر میں جب
خیبر کا قلعہ فتح ہونے میں نہیں آرہا تھا تو آخر کارآپﷺ نے حضرت علیؓ کو یاد کیا آپؓ آشوب چشم میں مبتلا تھے
حضورﷺ نے اپنا لعاب دہن ان پر لگایا اور آپؓ کی آنکھیں مکمل طور پر تندرست ہو گئیں اور آپؓ نے خیبر کا دروازہ اکھاڑ
دے مارا اور مرحب جو اپنی طاقت و غرور کے نشے میں جھوم رہا تھا اسے واصلِ جہنم
کیا۔ اس واقعے کو دیکھتے ہوئے بہت سے مسلمانوں کے دل میں حضرت علیؓ کی دھاک بیٹھ گئی اور وہ
لوگ آپ کے پاس آپ کے خیمے میں آئے اور آپ کو خود دادِ شجاعت دی اور قریب تھا
کہ وہ شرک میں مبتلا ہو جاتے کہ آپ نے اپنے سامنے رکھی جو کی روکھی سوکھی روٹی کو
توڑنا شروع کیا مگر نہ روٹی نے ٹوٹنا تھا نہ ٹوٹی وہ لوگ جو آپ کے پاس تشریف لائے
تھے آپس میں کھسر پھسر کرتے ہوئے حضرت علیؓ کے خیمے سے باہر چلے گئے کہ اس سے تو روٹی نہیں ٹوٹتی اس نے نہ جانے خیبر کا
دروازہ کیسے اکھاڑ ڈالا۔ حضرت علیؓ مسکرائے اور پانی میں روٹی بھگو بھگو کر کھانے لگے میں ایسی ہستیوں کی شان کے
بارے میں صرف اتنا کہوں گا کہ یا اللہ ان لوگوں نے اپنی ہستیوں کو مٹا مٹا کر تیری
ذات کو قائم کیا ہے تیری ذات کو بلند کیا ہے اس لئے ان کا ذکر ہمیشہ قائم ہے اور
قائم رہے گا بلکہ وہ بلندی اور مقام حاصل کرے گا کہ جس کو کبھی ذوال نہیں ہو گا۔ اس طرح جنگ
خندق میں عمرو بن عبد اود جب خندق عبور کر کے آگیا تھا اور للکار رہا تھا تا آپﷺ نے تین مرتبہ فرمایا ہے
کوئی جو اس کی زبان قطع کرے کوئی سامنے نہیں آیا تیسری مرتبہ حضرت علیؓ سامنے آئے اور مقابلے کی
خواہش کا اظہار کیا ۔ تو جب وہ میدان کی جانب جانے لگے تو آپﷺ نے فرمایا کہ آج کُلِ کفر
کے مقبلے میں کُلِ ایمان جا رہا ہے ۔ آپؓ کو حضورﷺ سے محبت وعشق کا یہ عالم
تھا کہ آپ نے فرمایا کہ میں حضورﷺ کے پیچھے ایسے چلتا ہوں جیسے اونٹنی کے پیچھے اس کا بچہ چلتا ہے آپﷺ کے ساتھ حضرت علیؓ کی محبت کی ایک اور مثال سورج کا پلٹنے والا واقعہ ہے ۔ غزوہ خیبر کے دوران
ایک مقام پر حضرت محمدﷺ حضرت علی کی گود میں سر رکھ کر سو رہے تھے۔ عصر کا وقت ختم ہو رہا تھا نماز
قضا ہو رہی تھی اگر حضرت علیؓ چاہتے تو آپﷺ کو جگا کر آپﷺ سے درخواست کرتے کہ نماز
ادا کر لیتے ہیں پھر سو جائیں مگر عشق نبی تو مانتا ہی نہیں کچھ بھی وہ تو کہتا ہے
عقل کو تنقید سے فرصت نہیں
عشق پر اعمال کی بنیاد رکھ
عشق پر اعمال کی بنیاد رکھ
کیونکہ عقل کا
شیوہ تو سوچنا پرکھنا تنقید کرنا ہے دلائل لانا ہے جبکہ عشق آنکھیں بند کر کے سر
تسلیم خم کر دیتا ہے اس لئے حضرت ابراہیم کو جب نمرود نے آگ میں کودنے کو کہا تو
عقل بھی تو کہتی ہے کہ یہ خلاف شریعت ہے نہ خلاف عقل ہے کہ آگ میں کود جایا جائے
مگر ابراہیمؑ کہ سامنے معشوق کی عزت کا
سوال تھا اسی لئے۔
بے خطر کود پڑا آتش نمرود میں عشق
عقل ہے محو تماشا لب بام ابھی
عقل ہے محو تماشا لب بام ابھی
اسی طرح حضرت
علیؓ نے بھی عشق نبی کو مقدم کر کے اپنی نماز کو اس پر قربان کردیا۔
نمازیں گر قضا ہوں پھر ادا ہوں
نگاہوں کی قضائیں کب ادا ہوں
نگاہوں کی قضائیں کب ادا ہوں
حضرت علیؓ آفتاب نبوت کو دیکھنے میں مگن تھے اور دوسری جانب آفتاب غروب ہونے کو جا
رہا تھا ۔ جب حضرت علی کی نظر سورج پر پڑی اور آپ کو نماز قضا ہوتی ہوئی محسوس
ہوئی تو آپ کی طبیعت متغیر ہوئی اور جب کوئی صورت نہ بن پڑی تو آپ کے آنسو رواں
ہو گئے جب آنحضرتﷺ بیدار ہوئے تو انہوں نے حضرت علیؓ کا چہرہ آنسوؤں سے تر
دیکھا تو تو پوچھا کیا ہوا ہے؟ علیؓ نے فرمایا نماز چھوٹ گئی
تو حضرت محمدﷺ نے فرمایا تو قضا پڑھ لینا اب کی بار حضرت علیؓ نے حضرت محمد ﷺ کے چہرہ مبارک کی جانب دیکھا اور سوالیہ انداز میں دیکھا میرا خیال یہ کہتا
ہے کہ ایک عاشق نے اپنے معشوق سے یہ سوال کیا ہو گا کہ آپﷺ جیسے معشوق کی غلامی میں
نماز جائے اور قضا پڑھوں ؟ آپﷺ نے دیکھا کہ حضرت علیؓ قضا نہیں نماز ادا کرنا
چاہتے ہیں تو والی دو جہاں محمد مصطفیﷺ نے یہ دعا فرمائی ہو گی اے اللہ علیؓ تیری اور تیرے رسولﷺکی اطاعت میں مصروف تھے اس وجہ سے ان کی نماز قضا ہو گئی پس سورج کو پلٹا دے
تاکہ عاشق کی نماز ادا ہو سکے اور پھر چشم فلک نے وہ منظر دیکھا کہ اللہ نے دعا
قبول فرمائی اور اجازت اپنے محبوب کو دی کہ آپ اشارہ فرمائے اور سورج پلٹ آئے
آپﷺ نے ایسا ہی کیا اور سورج ایک تابعدار غلام کی طرح سے پلٹ آیا اور حضرت علیؓ نے نماز ادا کی ایسی نماز کسی کو نہ نصیب ہوئی تھی نہ ہوئی ہے اور نہ ہو گی
یہ ہیں علیؓ۔ اور یہ میرا ماننا ہے کہ
نبی کا سونا جاگنا اُٹھنا بیٹھنا بولنا چالنا غرض سب کچھ حکمِ ربی ہوتا ہے نبی
اپنی مرضی سے کچھ نہیں کرتا۔
اسی طرح مواخات کا موقع جب آیا تو آپﷺ نے مسلمانوں کو آپس میں
ایک دوسرے کا بھائی بنایا مگر حضرت علیؓ کو کسی کے ساتھ بھائی چارہ
کے رشتہ سے منسلک نہ کیا حضرت علیؓ کچھ رنجیدہ ہوئے تو آپﷺ نے فرمایا اے علی آپ دنیا
اور آخرت میں میرے بھائی ہیں (جامع الترمزی) حضرت جابرؓ فرماتے ہیں کہ نبی اکرم ﷺ نے حضرت علیؓ کو فرمایا اے علی تم مجھ
سے وہ نسبت رکھتے ہو جو حضرت ہارون علیہ اسلام کو حضرت موسی علیہ اسلام سے تھی مگر
میرے بعد کوئی نبی نہیں(جامع الترمزی)۔ اگر ہم علم و فضل میں بھی مشاہدہ کریں تو
تمام خلفائے راشدین جو آپؓ سے پہلے آچکے تھے اپنے
فیصلوں میں آپ کی رائے کو فوقیت دیتے تھے حضرت عمرؓ نے تو یہاں تک کہ دیا کہ اگر علیؓ نہ ہوتے تو عمرہلاک ہو
جاتا۔
ہم نے اس طرح کی
شخصیت کو صرف بچوں میں سب سے پہلے اسلام لانے والا اور صرف ایک شجاع کے طور پر
تاریخ کے اوراق پر لکھ ڈالا۔ جب کہ آپؓ فنون لطیفہ اور حسِ مزاح
سے عاری نہیں تھے بلکہ ایک اچھی حسِ مزاح رکھتے تھے۔ ایک مرتبہ حضرت ابو بکرؓ ، حضرت علیؓ اور حضرت عمرؓ راستے میں جا رہے تھے اور اس ترتیب سے کہ حضرت علیؓ درمیان میں تھے اور حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ دائیں اور بائیں تھے۔ کسی نے راستے میں کہا کہ دیکھو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ
"لنا" لکھا ہوا ہے کیونکہ حضرت علیؓ کا قد حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ کے مقابلے میں تھوڑا چھوٹا تھا حضرت علیؓ نے جب یہ الفاظ سنے تو مسکرا کے رک گئے اور جملہ کسنے والے کو کہا کہ اب
دیکھو کہ یہ کیا لکھا ہوا ہے تو یوں معلوم ہورہا تھا کہ"لا" لکھا ہو اہے
جس کا مطلب ہے کچھ نہیں ۔
اور آیت مباحلہ
کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تمام تفصیل سے گریز کرتے ہوئے اس آیت میں مباحلہ کے لئے جو
شخصیات سامنے آئیں تھیں عیسائی پادریوں کے ان میں حضرت محمدﷺ اپنے نفس کی جگہ جس شخصیت
کو لائے تھے وہ تھے حضرت علیؓ اس لئے خیبر میں حضرت محمدﷺ نے فرمایا تھا کہ کل میں
جھنڈا ایک ایسے شخص کو دونگا جس کے ہاتھ
پر اللہ فتح عطا فرمائیگا وہ شخص اللہ و رسول کو دوست رکھتا ہے اور اللہ و رسول اس
کو دوست رکھتے ہیں۔
میرے
مسلمان بھائیو یہ ہیں پرورہ رسول،اقلیم ولایت کے شہنشاہ،عبادت و ریاضت میں
مسلمانوں کے پیشوا،میدان کارزار کے تاجدار،معرکہ خیبر کے شہسوار،رسول للہ صلی اللہ
علیہ وسلم کے غم خوار،خلفاءثلاثہ کے خیر خواہ،تمام صحابہ کے محبوب،رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم کے محب صادق جنھیں اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کا مژدہ سنایا،جن سے
بغض رکھنا کفر،جن سے محبت رکھنا ایمان،خاتون جنت کے شوہر،جنت کے جوانوں کے سردار
،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے تربیت یافتہ عم زاد،جن کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم نازبرادری
کریں،جن کوتہجد پڑھوانے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم راتوں کو جگانے آئیں،جو اگر
روٹھ جائیں تو سرکار صلی اللہ علیہ وسلم منانے آئیں،اور اسی عالم میں بوتراب کا
لقب پائیں،جس سے وہ ناراض ہوجائیں ،وہ سرکار صلی اللہ علیہ وسلم کا معتوب،اور جس
سے وہ راضی ہوجائیں وہ سرکار صلی اللہ علیہ وسلم کا محبوب ہو،یہ وہ ہیں جن کی محبت
میں جیناعبادت اور مرنا شہادت ہے یہ ہیں خاتم الانبیاءحضرت محمد مصطفی صلی اللہ
علیہ وسلم کے خاتم الخلفاءسیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنہ۔
میرے
ہاتھ یہ جملہ لکھتے ہوئے شدتِ جذبات سے کانپ رہے ہیں کہ اس طرح کی شخصیت کو 19رمضان کو نمازِ پر خوارج میں سے ایک ابن ملجم نے اچانک آپ پر تلوار کا بھرپوروار کیا وار اتنا سخت تھا کہ
آپ کی پیشانی کنپٹی تک کٹ گئی اور تلوار دماغ پر جا کر ٹھہری، اور 21رمضان المبارک شب اتوار 40 ہجری میں آپ کی شہادت ہوئی،انا للّٰہ وانا
الیہ راجعون، یہ شہادت صرف حضرت علیؓ کی
نہیں تھی بلکہ اُمت کے شیرازے کی شہادت تھی، خلافت سے ملوکیت کا سفر تھا جو آج بھی
ہم بھگت رہے ہیں۔
اپنی
بات اُس واقع پر ختم کروں گا کہ حضرت علیؓ سے کسی نے پوحھا اے علیؓ کیا
ہوا کہ آپ کے دور میں شورش جنگیں اعر بےآرامی زیادہ ہے آپ سے پہلے ادوار میں ایسا
نہ تھا تو آپ نے فرمایا۔
پہلے
والوں کے مشیر ہم تھے، ہمارے مشیر تُم ہو۔
khurramiqbalawan@gmail.com, https://twitter.com/khurramiawan
this article (edited version) is already published in Daily Pakistan.
No comments:
Post a Comment